ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / غزہ کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائی میں مدد پر قطر کا شکریہ

غزہ کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائی میں مدد پر قطر کا شکریہ

Mon, 25 Jul 2016 15:42:06  SO Admin   S.O. News Service

غزہ25جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے امیر قطر کا غزہ کی پٹی کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائی میں مدد فراہم کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ قطر کے ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ فلسطینی قوم دوحہ حکومت بالخصوص امیرقطرالشیخ تمیم بن حمدآل ثانی کی جانب سے غزہ کے سرکاری ملازمین کو تں خواہوں کی ادائیگی میں مدد فراہم کرنے پر ان کے بے حد شکر گذارہیں۔اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ قطر حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائی میں مدد فراہم کرنا دوحہ کی فلسطینیوں کی حمایت کا واضح ثبوت ہے۔ دوحہ حکومت اور امیر قطر کی جانب سے غزہ کے ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہیں ادا کرنا اہالیان غزہ کے صبرو استقامت میں مدد فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ فلسطینی قوم قطر حکومت کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔خیال رہے کہ حال ہی میں امیر قطر نے غزہ کی پٹی کے سرکاری ملازمین کے لیے ماہ شوال کی تنخواہوں کی مد میں 113 ملین ریال کی رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔قطری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دوحہ کی طرف سے غزہ کی پٹی کی مالی مدد غزہ کے محصور بھائیوں کی مشکلات کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ قطر کو احساس ہے کہ غزہ کی پٹی کے دوملین افراد صہیونی ریاست کی ظالمانہ ناکہ بندی کا سامنا کر رہے ہیں۔قطر کی جانب سے غزہ کی پٹی کے سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہوں کی ادائی کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب فلسطینی مخلوط حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ غزہ کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائی میں ناکام رہے ہیں۔


Share: